ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ: جے جے پی اور اے ایس پی نے انتخابی منشور کی تفصیلات جاری کیں

ہریانہ: جے جے پی اور اے ایس پی نے انتخابی منشور کی تفصیلات جاری کیں

Mon, 30 Sep 2024 12:54:05    S.O. News Service

چندی گڑھ، 30/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی )جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) اور آزاد سماج پارٹی (اے ایس پی) اتحاد نے اتوار کو ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے 112 وعدوں کے ساتھ 'جن سیوا پتر' کے عنوان سے اپنا منشور جاری کیا۔ یہ منشور سرسہ میں پیش کیا گیا، جہاں سابق نائب وزیر اعلیٰ دُشینت چوٹالہ اور چندر شیکھر آزد بھی موجود تھے۔ منشور میں کسانوں کے لیے متعدد وعدے شامل ہیں، جن میں ہریانہ میں پیدا ہونے والی ہر فصل کو کم از کم امدادی قیمت پر خریدنے، فصل کے نقصان کی صورت میں 25 ہزار روپے فی ایکڑ معاوضہ دینے، بے روزگار نوجوانوں کو 11 ہزار روپے بے روزگاری الاونس فراہم کرنے، ہر ضلع میں صنعتی علاقوں کی تشکیل، ہر ضلع میں ایک لاکھ نوکریاں فراہم کرنے، اور فائر فائٹرز کی اعلیٰ تعلیم کے انتظامات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایک لاکھ خواتین کو سرکاری نوکریاں دینے، خواتین کے لیے تعلیمی ملازمتوں میں ۵۰؍ فیصد ریزرویشن، `’پیاری بہنا‘ اسکیم کے تحت حاملہ خواتین کو۵؍ ہزارروپے ماہانہ، آشا اور آنگن واڑی کارکنوں کا معاوضہ۲۱؍ ہزار روپے ماہانہ کرنے جیسے وعدے بھی ہیں۔ پرائیویٹ ملازمتوں میں ۷۵؍فیصد ریزرویشن کیلئےسپریم کورٹ میں پیروی کرنےکاوعدہ بھی کیاگیا ہے۔ 

 پسماندہ طبقات کیلئے امبیڈکر بھون کی تعمیر، ہر سب ڈویژن میں امبیڈکر ہاسٹل کی تعمیر، امبیڈکر آواس یوجنا کے تحت پلاٹ اور تعمیراتی رقم فراہم کرنے اور اے اور بی زمرہ کی ملازمتوں میں ریزرویشن اور پروموشن سمیت وعدے ہیں۔ اس کے علاوہ حصار میں فلم سٹی بنانے سمیت ریاست کی ترقی کے وعدے ہیں۔ جے جے پی- اے ایس پی حکومت کے قیام کے ۲۴؍ گھنٹے کے اندرمعمر افراد کیلئے ۵۱؍ سوروپے پنشن کی اسکیم متعارف کی جائیگی اورپرانی پنشن اسکیم بحال کی جائے گی۔ جند میں آئی آئی ٹی اور جھجر میں انٹرنیشنل اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ کبڈی اسٹیڈیم سونی پت میں بنے گا۔ گروگرام میں کام کرنے والی خواتین کیلئے ہاسٹل بنایا جائے گا۔ فتح آباد میں فوڈ پروسیسنگ اور ٹیکنالوجی کیلئے ایک بین الاقوامی تربیتی مرکز تعمیر کیا جائے گا۔ 


Share: